نیب اجلاس:میگا کرپشن مقدمات منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پیشرفت کا جائزہ

Published On 30 July,2021 04:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ایک سو اناسی مقدمات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا قومی ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی صدارت میں نیب میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیب کی ماہانہ مجموعی کاردکردگی، ملک بھر کی مختلف فاضل احتساب عدالتوں میں نیب کے زیر سماعت ریفرنسز خصوصاً میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 66 کو معزز احتساب عدالتوں نے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا ہے جبکہ 93 بدعنوانی کے مقدمات معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی جلد سماعت کے لئے معزز احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق درخواستیں دائر کی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 66 میگا کرپشن مقدمات جن کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے ان میں سے 12 میگا کرپشن کیسز میں مختلف معزز احتساب عدالتوں نے ٹھوس شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق مجموعی طور پر ملزمان کو 4.364 ارب روپے کی سزا سنائی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ قانون کے مطابق 4 میگا کرپشن مقدمات میں ملزمان نے پلی بارگین کی جس کے ذریعے مجموعی طور پر 1.256ارب روپے نیب نے ملزمان سے برآمد کروا کر قومی خزانے میں جمع کروائے۔

پلی بارگین کی قانون کے مطابق حتمی منظوری معزز احتساب عدالت دیتی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت 179 میگا کرپشن کیسز میں سے 10انکوائریز 11انوسٹی گیشنزکے مراحل میں زیر تحقیقات ہیں جبکہ 93 میگاکرپشن کیسز کے ریفرنسز مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 814ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ نیب کی موجودہ قیادت کے دور میں گزشتہ تین سالوں میں بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے 533 ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ دوسری انسداد بدعنوانی کے اداروں کے مقابلہ میں نیب کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیب کے اس وقت 1273بد عنوانی کے ریفرنس ملک کی مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔
 

Advertisement