راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں دیر پا امن کے لیے کوشاں ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے انسانی بنیادوں پر تعاون اور امداد جاری رہنی چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرزکانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملکی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں افغانستان کی صورتحال کابھی جائزہ لیا جبکہ پاک افغان بارڈر پر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
CCC chaired by #COAS held at GHQ. The participants took comprehensive review of global, regional and domestic security environment. Forum was apprised on prevalent situation in Afghanistan, especially security along Pak-Afghan Border and effective safeguards in place (1/6) pic.twitter.com/aYnxkGlnJ0
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) September 10, 2021
میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان بارڈر پر مینجمنٹ کے تحت کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے قطر کے نائب وزیراعظم کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر گفتگو
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق عسکری قیادت نے عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج کشمیری عوام کے ساتھ ہے، کشمیر کی آزادی کےلیے معروف حریت رہنما سید علی گیلانی کی جدوجہد، قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن خراب کرنے کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں دیر پا امن کے لیے کوشاں ہے۔ بارڈر مینجمنٹ سے نقل و حرکت،سیکیورٹی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے شراکت داروں میں قریبی تعاون ضروری ہے، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے انسانی بنیادوں پر تعاون اور امداد جاری رہنی چاہیے، افغانستان میں دیراستحکام کے لئے بین الاقوامی برادری کا تعمیری کردار بہت ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے محرم الحرام میں پر امن انعقاد کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔