راولپنڈی: (دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، خفیہ معلومات پر آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید ہو گئے جبکہ 5 دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔
دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھیں گے: شیخ رشید احمد
وفاقی وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی آپریشن ہوا۔
ٹویٹر پر شیخ رشید نے دوران آپریشن پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کی اطلاع پر غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وطن کی خاطرجان دینے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے، دہشت گردوں کےخلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔
پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اُدھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے سات اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔