مریم نواز اپنے مقدمات میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہیں: فرخ حبیب

Published On 23 September,2021 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم نواز اپنے مقدمات میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہیں، ثبوث ہیں تو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کیلئے درخواست دیں، جائیدادیں نیلام کی جا رہی ہیں جس کا رونا دھونا ہے، لیگی رہنماؤں کو سزائیں میرٹ پر ہوئیں۔

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا کیوں نہیں کہ رہیں؟ مریم نواز سے حساب مانگو تو نیب پر حملہ آور ہوتی ہیں، نواز شریف اثاثوں کا حساب دینے کے بجائے ملک سے فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو آج الیکشن کمیشن کی یاد آنے لگی ہے۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنے آئین دائرہ کار کا پتہ ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کا کام رولز بنانا ہے قانون بنانا نہیں، قانون بنانا پارلیمنٹ کا کام ہے، الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہے، الیکشن کمیشن اپوزیشن کی سیاسی جماعت بننے کی کوشش نہ کرے۔
 

Advertisement