اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے، پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا ملک کی خوش قسمتی ہے، پاکستان کی ترقی نوجوانوں کی ترقی پر منحصر ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے نیشنل یوتھ کونسل میں شامل 33 رکنی وفد نے سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں تمام صوبوں کے یوتھ منسٹرز بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملکی ترقی کیلئے نوجوانوان کے کردار اور حکومتی سرپرستی پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دینا ترجیحات میں شامل ہے، کامیابی کا راستہ صرف جدوجہد کا راستہ ہے، لیڈر ہمیشہ سچا اور ایماندار ہوتا ہے، آپ بھی سچ کا راستہ اپنائیں، حکومت سنبھالی تو سخت معاشی اور اقتصادی چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، اقتدار سنبھالا تو ملکی برآمدات صرف 20 ارب ڈالر تھیں، حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فی صد اضافہ ہوا ہے، پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت افرادی قوت یعنی نوجوان ہیں۔