لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر پنجاب اسمبلی کے ایوان میں چور چور کے نعرے گونج اٹھے۔ وزیر اعظم کے خلاف بولنے پر حکومتی ارکان نے بھی نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاجا ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
پینل آف چیئرمین میاں شفیع کی زیر صدارت اجلاس 2 گھنٹے 5 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، دیگر ممالک کی مثال دیتے ہیں تو ان کے عوام کے آمدن کا بھی بتائیں۔
مسلم لیگ ن کے رانا مشہود احمد نے کہا کہ پنجاب کے عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ رانا مشہود کے وزیراعظم کے خلاف بولنے پر حکومتی ارکان نے نعرے بازی شروع کردی۔ جس کے جواب میں اپوزیشن ارکان اسمبلی بھی کھڑے ہو کر احتجاج کرنے لگے۔ اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر ایوان سے واک آوٹ کر دیا۔
صوبائی وزیر چودھری ظہرالدین نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آج بھی خطے میں سب سے کم ہیں۔ اس سےقبل اپوزیشن نے واک آوٹ کرتے ہوئے کورم کی نشاندہی کی، حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام ہوئی، جس پر پینل آف چیئرمین میاں شفیع نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔