آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام: راؤ انوار کے خلاف انکوائری کی منظوری

Published On 01 October,2021 10:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نیب کراچی نے سابق ایس ایس پی راؤ انوار اور این آئی سی وی ڈی افسران سمیت 4انکوائریز کو تفتیش میں تبدیل کرنے اور نو بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کے بھی منظوری دی گئی۔

نیب کراچی کے ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بورڈ نے سابقہ ایس ایس پی راؤ انوار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے جمع کرنے کے الزام پر انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔

ریکارڈ کے مطابق ملزم نے اربوں روپے سے زائد کے اثاثے جمع کئے،نیب کراچی بورڈ نے این آئی سی وی ڈی کے افسران و دیگر کے خلاف انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کرنے کی بھی سفارش کر دی ۔

ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی تقرریوں اور کروڑوں روپے کے غیر قانونی الاؤنس دینے میں ملوث ہیں۔ بورڈ نے ہسپتال کے مختلف طبی آلات کے خریداری میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے بھی مجاز اتھارٹی کو انکوائری کی اجاز ت دینے کی سفارش کر دی۔

اس کے علاوہ نیب بورڈنے ملزم ڈاکٹر احسان اللہ خان، سابقہ ڈائریکٹر، پی پی پی نوڈ محکمہ صحت اور شاہد یوسف، سی ای او، غربت مٹانے کے اقدام پی ای آئی اور دیگر کیخلاف انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کرنے کی سفارش کی۔

ملزمان نے مبینہ طور پر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے محکمہ صحت میں غیر قانونی طور پر ٹھیکے اپنے نور نظرکمپنیوں کو دینے میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے قومی خزانے کو تین سو پچیس ملین کا نقصان پہنچایا جبکہ بورڈنے ملزم اعجاز الرحمن، پروپرائٹر مسیرز الرحمن امپیکس کراچی، اور دیگر کیخلاف انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کرنے کی منظور ی دی۔
 

Advertisement