لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے صاف پانی کرپشن ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کی جائیدادیں قرق کر کے رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی نے صاف پانی ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر اسد ملک نے جائیدار قرقی سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ رابعہ عمران اور عمران یوسف کے علی اینڈ فاطمہ ڈویلپرز میں ایک کروڑ مالیت کے شئیرز ہیں جبکہ علی اینڈ کمپنی میں 60 لاکھ، حدیبیہ انجینرنگ میں دو لاکھ چار ہزار اور شریف پولٹری میں چار ہزار مالیت کے شئیرز ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رابعہ عمران اور علی عمران یوسف کے مدینہ فیڈز میں ایک کروڑ پچہتر لاکھ، علی پروسیسڈ فوڈ میں پچاس لاکھ مالیت کے شئیرز ہیں جبکہ علی عمران یوسف کے غوث الاعظم میں بیس ہزار مالیت کے شئیرز ہیں۔