نیب کسی دھمکی اور تنقید کے باوجود اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرے گا: چیئرمین جاوید اقبال

Published On 22 August,2021 11:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کسی دھمکی اور تنقید کے باوجود اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔ نیب کی انتظامیہ قانون کے مطابق انکوائریز اور تحقیقات کاعمل جاری رکھیں گی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ گیلانی اینڈ گیلپ کے سروے میں 59 فیصد پاکستانی عوام نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ قومی احتساب بیورو قانون کے مطابق بلا تفریق احتساب کاعمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی کی تمام صورتوں اور مظاہر کو ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ نیب نے بالخصوص بدعنوانی، منی لانڈرنگ، عوام الناس سے دھوکہ دہی، جان بوجھ کر بینک ڈیفالٹ ہونے، اختیارات کے غلط استعمال اور ریاستی فنڈز پر خورد برد پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ اور بدعنوان لوگوں سے لوٹی ہوئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے کرپشن کے خلاف جدوجہد ہمارا عزم ہے۔

جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی (یو این سی اے سی) کے تحت نیب پاکستان میں فوکل ادارہ ہے، پاکستان اس کنونشن کی توثیق اوراس پر دستخط کر چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے چین سے مفاہمت کی دستاویز پردستخط کئے ہیں جبکہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چئیرمین بھی ہے، نیب سارک ممالک میں رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتاہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین برسوں میں نیب کے علاقائی بیوروز کی کارگردگی مثالی رہی ہے۔

 

Advertisement