لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خدمت کی سیاست کے سامنے منفی سیاست دم توڑ چکی ہے، اپوزیشن نے ہر نان ایشو پر ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے کی کوشش کی۔
عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی محمد شفیق، نذیر بلوچ اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ذوالفقار علی نے ایوان وزیر اعلی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے، مخالفین صرف پوائنٹ سکورنگ کرنے میں مصروف ہیں، ایسے عناصر کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی اور آئندہ بھی ناکامی کاسامنا کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق حکومتوں کی جانب سے حکومتی و انتظامی امور میں بگاڑ کو درست کیا ہے، اراکین اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداران میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے، ہم سب نے ٹیم ورک کے طور پر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے، تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے، 360 ارب روپے کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ہر ضلع میں یکساں ترقی ہوگی۔