وزیراعظم کا بلوچستان میں زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر دکھ کا اظہار

Published On 07 October,2021 11:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وفاقی اداروں کو ریلیف فراہمی میں حکومت بلوچستان کو تمام ممکنہ معاونت کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے، وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بلوچستان میں زلزلہ سے ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں زلزلہ سے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم افسردہ ہے، حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ فواد چودھری نے متعلقہ حکام کو زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
 

Advertisement