اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کا ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ پورا ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت آنے سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ایک کروڑ نوکریاں دینے کے ساتھ 50 لاکھ گھر بنائیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران فواد چودھری نے حکومت کی طرف سے ایک کروڑ نوکریوں کی فراہمی کا دعویٰ کردیا۔
انہوں نے تو اس سے آگے بڑھ کر کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ پورا ہوچکا ہے، بات ایک کروڑ نوکریوں سے کہیں آگے چلی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے نوکریوں کی فراہمی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 16 لاکھ سے زائد افراد کو حکومت نے بیرون ملک بھجوایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے محکمہ صحت نے 40 ہزار سے زائد نوکریاں دی ہیں جبکہ دیگر محکموں میں لوگوں کو ملازمت ملی ہے۔