راولپنڈی:(دنیا نیوز) کور کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، ہرنائی کے متاثرہ علاقوں میں جوانوں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں آرمی اور ایف سی ڈاکٹرز اور طبی عملہ ضروری طبی امداد فراہم کررہے ہیں ، شدید زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز کے ذریعہ سی ایم ایچ کوئٹہ اورزخمیوں کی بڑی تعداد کو بذریعہ سڑک منتقل کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ خوراک،خیموں ،کمبل اور دیگر سامان کے 300 پیکج متاثرہ افراد کو فراہم کیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کی امدادی ٹیم ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان میں تمام جوانوں کو زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے سول انتظامیہ کیلے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان میں تعینات جوانوں کو ہدایت کی ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کریں۔
سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میں تعینات جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، بلوچستان میں موجود تمام فوجی دستے، سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لیں، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں مقامی متاثرہ آبادی کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں، متاثرین کی بحالی اور مدد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، تاکہ متاثرہ آبادی کی مشکلات کم کی جاسکیں۔