منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع

Published On 09 October,2021 10:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز دونوں عدالت میں پیش ہوئے۔ ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے بنکنگ کورٹ کے دائر اختیار پر اعتراض کر دیا۔ پراسکیوٹر معظم حبیب نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بنکنگ کورٹ میں ضمانت کا دائر اختیار نہیں بنتا، اینٹی کرپشن عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیس کو سننے کا اختیار رکھتی ہے۔ عدالت نے آئندہ عدالتی دائر اختیار پر وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو آج عدالت کے دائرہ اختیار کا خیال کیوں آیا ؟ ایک سال سے زیادہ ہوگیا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ہم ایف آئی اے سے تعاون نہیں کر رہے، ایف آئی اے قوم کا پیسہ اور وقت ضائع کر رہا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے شہزاد اکبر کے کہنے پر اپنی مرضی کی خبر دیتا ہے، ایف آئی اے نے آج تک کسی کیخلاف اتنا طویل کیس نہیں چلایا، نیازی حکومت نئے نئے قوانین لے کر آ رہی ہے، کیس کی تفتیش کو ایک سال سے زیادہ ہوگیا ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، حیلے بہانوں سے عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے، جہانگیر ترین کا کیس بھی اسی معزز عدالت میں چلا۔