ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے مڈٹرم الیکشن ضروری ہیں: احسن اقبال

Published On 13 October,2021 05:33 pm

نارووال: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو اس بحران سے نکالنا ہے تو فوری طور پر مڈٹرم الیکشن ضروری ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ضروری ہے ملک میں حقیقی نمائندہ حکومت آئے، مستحکم اہل اور قابل حکومت آئے، پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے، پاکستان کے اندر اس طرز حکمرانی سے ملک کا بین الاقوامی امیج بری طرح متاثر ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جب اس حکومت کے کیسز کی سماعت کرتا ہے تو اسے بلیک میل کرنے کیلیے آگ لگانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، عمران نیازی نے استعفیٰ نہ دیا تو PDM کی جماعتیں عوامی جدوجہد کے ذریعے اس حکومت کو نکالنے کیلیے اپنا لائحہ عمل بنائینگی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے اپنے کسی بھی دوست ملک کیساتھ غیرمعمولی تعلقات نہیں ہیں،.سی پیک کا اس حکومت نے جو حشر کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، صدر بائیڈن کی فون کال وزیراعظم عمران خان کا بین الاقوامی لطیفہ بن گئی ہے، اب عمران خان کی حکمرانی پاکستان کی سلامتی کیلیے خطرہ ہے۔
 

Advertisement