الیکشن کمیشن کی بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جاری حکمنامہ پر عملدرآمد کی ہدایت

Published On 14 October,2021 12:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر بلوچستان حکومت نے کیس کو اگلی تاریخ تک ملتوی کرنے کی درخواست دے دی۔ الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری حکم نامہ پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن میں شاہ محمد جتوئی اور نثار درانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف سیکریٹری اور سیکریٹری مقامی حکومت کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔ بلوچستان حکومت نے تحریری درخواست میں بتایا کہ بلوچستان میں امن و امان کا مسئلہ ہے لہذا کیس اگلی تاریخ کے لیے ملتوی کر دیں۔

ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے سوال اٹھایا بلوچستان میں امن و امان کی کیا صورت حال ہے ؟ حکام الیکشن کمیشن نے سفارش کی بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکم نامہ پاس کریں جس پر الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی حکومت کے انتخابات کے معاملے کو حتمی حکم نامہ کا عندیہ دے دیا۔

واضح رہے گزشتہ سماعت پر بلوچستان حکومت نے بلدیاتی قانون میں ترمیم اور حد بندی کے لیے ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے تین ہفتے کی مہلت مانگی تھی۔
 

Advertisement