پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد، ن لیگ کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

Published On 16 October,2021 10:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 10روپے اضافہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے، پیٹرول مہنگا ہونے کا اثر ہر ضروریات زندگی کی اشیاء پر پڑتا ہے۔

لیگی رہنما کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ حکومت نے ہر پندرہ دن بعد عوام پر پیٹرول بم گرانے کا وطیرہ بنالیا، غریب عوام آئے روز مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے فاقوں پر مجبور ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

یاد رہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے تک کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔ حکومت نے پٹرول 10 روپے 49 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا۔ نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکشین کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسہ تک کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 134 روپے 48 پیسے ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 59 پیسے اضافہ کر کے نئی قیمت 110 روپے 26 پیسے مقرر کر دی گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 108 روپے 35 پیسے ہوگئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا، نئی قیمتیں 15 روز کے لئے نافذ ہوں گی۔
 

Advertisement