عمران خان نے پوری قوم کو رلا کر اپنا وعدہ پورا کر دیا: مریم نواز

Published On 16 October,2021 09:32 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک ہی وعدہ پورا کیا اور وہ یہ کہ اس نے پوری قوم کو رلا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے احتجاج کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کر دیا ہے، حکومت مخالف اتحاد نے پنجاب میں پہلا جلسہ فیصل آباد میں کیا، جس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔

 جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آج فیصل آباد میں بہت بڑا جلسہ ہے، میں آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، رانا ثناء اللہ نے منشیات کا جعلی مقدمہ بھگتا، لیکن آج بھی وہ قائد مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں، عابد شیر علی کی اہلیہ کا انتقال ہوا اوروہ پاکستان تک نہیں آ سکے۔ نواز شریف کے شیر جھکے نہ بکے۔ قائد ن لیگ کے مخالفین کو اللہ تعالیٰ نے عبرت کا نشانہ بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے میرے والد کو سرخرو اور مخالف کو نامراد کر دیا۔ نواز شریف تمہارے بغیر عوام رل گئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا جب چینی ،آٹا مہنگا ہو جائے تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے۔ کہتے تھے چینی مہنگی ہو تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے۔ نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے اور آج 120 روپے کلو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، پیٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیا تاریخ کی بلند سطح پر ہیں، ن لیگ کے دور میں پٹرول فی لٹر 70 روپے اور آج 138 روپے ہے۔ ہمارے دور میں بجلی 10 روپے اور آج 20 روپے فی یونٹ ہے۔ مہنگائی کر کے ان کو سکون نہیں ملا، یہ بے حس لوگ ہیں۔ جان بوجھ کر ایل این جی مہنگی کی گئی۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ان کے وزرا عوام کے نوالے گنتے ہیں، حکومتی وزرا کہتے ہیں 10چینی کے دانوں کی بجائے 8 کھالو صبر کرو۔ آج حکومت کا یہ حال ہے گرمی آئے تو بجلی غائب جبکہ سردی آئے تو گیس غائب ہوتی ہے۔ عمران خان نے 22کروڑ عوام کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی ہے۔ ملک میں پہلے کورونا اور اب ڈینگی کا راج ہے، ڈینگی کا سپرے کرنے والا کوئی نہیں ہے،

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران کہتا تھا نوازشریف چورہیں، فیصل آباد کوگواہ بنا کرکہتی ہوں وقت نے ثابت کیا شریف برادران جیسا کوئی دیانت دار نہیں آیا، برطانیہ کی عدالت نے بھی کہہ دیا لیگی صدر کے خلاف منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔ نیب کے ذریعے انتقام لیا گیا۔ اپنی باری آئی تو نیب کاپورا قانون بدل دیا، جو مرضی کر لو خود کو احتساب سے نہیں بچا سکتے۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پنڈورا پیپرز میں تحریک انصاف اول نمبر پر آئی ہے، کہا گیا اس میں عمران کا نام نہیں ہے، کبھی سنا ہے چوروں کا سردارایماندارہے؟ مکافات عمل دیکھو، کہتا تھا نوازشریف پرچیاں دیکھ کر پڑھتا ہے، آج یہ پرچی دیکھ کربھی غلط پڑھتا ہے، نوازشریف دورمیں دوسرے ممالک کے سربراہان خود پاکستان آتے تھے،،مودی اس کا فون نہیں اٹھاتا اوربائیڈن فون نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اس لیے نہیں گیا دنیا کا کوئی سربراہ اس سے ملنے کو تیارنہیں تھا، لوگ کہتے ہیں عمران کی عزت اسلام آباد کے میئرسے زیادہ نہیں ہے، انٹرویوجب پوچھا جائے کہ بائیڈن فون نہیں کرتا توشرمندگی سے منہ نیچے کر لیتا ہے، کہتا تھا نوازشریف نے فوج کوپنجاب پولیس بنادیا ہے، نوازشریف نے جب بھی سٹینڈ لیا توعوام کی خاطرلیا، میرے والد کا جب بھی ٹکراؤ ہوا تو عوام اور ووٹ کی عزت کی خاطر ہوا، قائد ن لیگ کا سٹینڈ سویلین بالادستی کی خاطرتھا، انہوں نے سٹینڈ کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، نوازشریف نے اپنی تین حکومتیں گنوادیں، بیٹی کوجیل میں جاتے دیکھا۔ اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

اعلیٰ تقرری کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہاں یہ تقرری وزیراعظم کا اختیار اور استحقاق ہے، وزیراعظم چننا عوام کا اختیارہے، پہلے یہ حق دو پھروہ فیصلہ کریں گے، عمران خان الیکٹڈ نہیں، اگر کہیں جمہوری رویہ اپنایا ہوتا تواس کے ساتھ بھی کھڑے ہو جاتے، 22 کروڑعوام جانتی ہے عمران نے سازشی مہرہ بن کرعوام کے ووٹ کوجوتے کی نوک پرروندا ہے، اگر تم نے میڈیا کی آزادی نہ چھینی ہوتی تو تمہارا ساتھ دیتے، اگر تم نے عدلیہ کو نشانہ نہ بنایا ہوتا تو تمہارا ساتھ دیتے، عمران تم تو ڈکٹیٹرسے بھی بدترہو۔

Advertisement