کراچی: پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے بعد قابو پا لیا

Published On 17 October,2021 02:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے صدر میں سی بریز ہسپتال کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا، آتشزدگی کے نتیجے میں قریب موجود تین گاڑیاں جل گئیں۔

کراچی کے علاقے صدر میں سی بریز ہسپتال کے قریب بس اڈے سے متصل خالی پلاٹ پر پٹاخوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، پٹاخوں کے دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی، آگ کی شدت کے باعث فائر بریگیڈ کی مزید دو گاڑیوں کو بھی طلب کر لیا، آتشزدگی کے نتیجے میں قریب موجود دو ہائی ایس وین اور ایک سوزوکی ہائی روف بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

آتشزدگی کے باعث علاقہ دھماکوں سے گونجتا رہا تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پٹاخوں کا گودام حنیف نامی شخص کا ہے، رہائشی آبادی میں پٹاخوں کا گودام رہائشیوں کے لئے خطرناک ہے، اسی علاقے میں حنیف کے دوسرے گودام میں چند برس قبل بھی آگ لگی تھی۔