پاکستان میں مہنگائی پوری دنیا سے کم ہے: شہباز گل

Published On 21 October,2021 05:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی پوری دنیا سے کم ہے، عوامی مشکلات کا ادراک ہے، مسائل کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پچھلے چار ماہ سے حکومت کے خلاف مہم جاری ہے، خاتون اوّل کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، اختلاف ہے تو عمران خان پر تنقید کریں، اہلخانہ کو ہدف بنانا شرمناک ہے۔وزیراعظم، ان کی فیملی پرگالیاں دینگے توسوشل میڈیا پرردعمل آئے گا، اخلاقی گراوٹ کے معاملے پربات کرنا بہت ضروری ہے، کیا ہمارے ہاں گھریلوخواتین کوگالی دینے کا رواج آچکا ہے، سیاست کوسیاست رہنے دیں اس گند تک نہ لیکرجائیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول پوری دنیا میں تقریبا113فیصد اضافہ ہوا ہے، پوری دنیا میں ایل این جی 101 فیصد، پاکستان میں 17 فیصد بڑھی، ہمیں مہنگائی کا ادراک ہے۔ عالمی مارکیٹ میں کوئلے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، پوری دنیا میں اس وقت مہنگائی ہے، وزیراعظم مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، دنیا میں خوردنی تیل کی قیمت 48 جبکہ پاکستان میں 38 فیصد بڑھی ہے، کورونا کی وجہ سے مشکلات آئی ہیں، حکومت تدارک کے لیے کوشاں ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات و ترسیلات زر 68 سے 70ارب ڈالرہونے کی توقع ہے، گزشتہ سال 1200ارب روپے کسانوں کواضافی ملے۔
 

Advertisement