کراچی:(دنیا نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی کا آسیب پاکستان کی خوشحالی کو نگل چکا، پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کے سبب عام آدمی مسائل کی چکی میں پس رہا ہے،صورتحال کے ذمہ دار عمران خان ہیں جبکہ صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں پی پی پی کی تنظیم کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ایک خوش آئند عمل ہے،مہنگائی کا آسیب پاکستان میں خوش حالی کو نگل چکا ہے جبکہ عمران خان قوم کے مجرم ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت آج عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پِس رہا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی عام آدمی کی زندگی میں بہتری لاسکتی ہیں، ضلع مہند اور ضلع ملیر میں آج مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرکے جیالوں نے عوام کے احساسات کی ترجمانی کی۔
قبل ازیں پیپلز پارٹی نے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کراچی میں ریلی اور مظاہرہ کیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سمیت اہم رہنما شریک ہوئے ۔
مراد علی شاہ نے وفاقی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے دعوے زمین بوس ہوچکے ہیں جبکہ تبدیلی سرکار عوام کی جان چھوڑ دے۔