اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ میرا ورلڈکپ کل ہی ہوگیا، یہ عام میچ نہیں، کرکٹ پلس تھا، میرا بس چلتا تو قوم کیلئے آج عام تعطیل کا اعلان کر دیتا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کو 10 وکٹ سے شکست پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے تاریخی فتح پر یادگار جشن منایا، بھارتی عوام نے اپنے کرکٹرز کے گھروں پر پتھراؤ کیا، بھارت کیخلاف ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مہنگی ٹکٹ لی، میچ جیتنے کے بعد میرے پیسے پورے ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو اتنی سکیورٹی دی جتنی ان کی اپنی فوج بھی نہیں، نیوزی لینڈ ہمارے ساتھ ہاتھ کر کے گیا تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات اچھے رہے، سعد رضوی کے اصرار پر مذاکراتی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں، کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ کمٹمنٹ پر پہرا دیں گے، کالعدم ٹی ایل پی نے ایک روڈ کھول دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے، ان کے جلسوں میں مہنگائی سے متاثر کوئی چہرہ نہیں دیکھا، پی ڈی ایم کو کوئی رسپانس نہیں مل رہا، نون لیگ اور پی ڈی ایم احتجاج کا شوق پورا کرلے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ افغان شہریوں کیلئے ویزہ فیس ختم کر دی، آئی ڈی کارڈ میں تاریخی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔