نسلہ ٹاور 7 روز میں مسمار کرنے کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا آغاز

Published On 26 October,2021 01:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی کے شارع فیصل پر قائم نسلہ ٹاورز کو گرانے کیلئے انتظامیہ اور ادارے متحرک ہو گئے۔ عمارت کے بجلی اور گیس کنکشن کاٹ دیئے گئے۔

 نسلہ ٹاور کو فراہم کی جانے والے بجلی اور گیس کنکشن منقطع کر دیئے گئے۔ سیوریج اور پانی کی لائنیں کاٹنے کیلئے واٹربورڈ کا عملہ بھی ایکشن میں ہے۔ مکینوں کی بڑی تعداد، پولیس کی نفری اور انتظامیہ نسلہ ٹاور پر موجود ہے۔

نسلہ ٹاور مسمار کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے ایف ڈبلیو او اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام کو مراسلہ بھیج دیا۔ 2 روز میں ٹیکنیکل فزیبلیٹی رپورٹ بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ کمشنر کراچی آفس کی جانب سے دیگر اداروں کو بھی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

یاد رہے پیر کو چیف جسٹس گلزار احمد نے نسلہ ٹاورز گرانے کیلئے انتظامیہ کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔ سات روز میں کمشنر کراچی سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔