29 اکتوبر کو مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ تاریخی حیثیت کا حامل ہو گا: بلاول

Published On 26 October,2021 04:27 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 29 اکتوبر کو پی پی کے تحت ہونے والا مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ تاریخی حیثیت کا حامل ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین نے لاڑکانہ میں سچل کالونی کا دورہ کیا، اس دوران اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں کارکنان اور عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بلاول کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا گیا، حل سے متعلق تجاویز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بلاول اس دوران ضلع کے مسائل کے حل کے حوالے سے کارکنان و عہدیداران و معززین سے مکالمہ کرتے رہے اور مسائل کی نشان دہی پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج ملک میں تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافے کے بعد عوام کو ایسے بحرانوں میں پی پی پی کا کردار یاد دلانے کی ضرورت ہے۔ پی پی پی دور میں نہ صرف روزگار ملا بلکہ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں بھی اضافہ ہوا۔

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ جمعہ 29 اکتوبر کو پی پی پی کے تحت ہونے والا مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ تاریخی حیثیت کا حامل ہوگا، عوام کو اپنے جمہوری و معاشی حقوق چھین کر لینا ہوں گے۔
 

Advertisement