سپریم کورٹ: تجاوزات کیس تحریری فیصلہ جاری، مرتضیٰ وہاب کی رپورٹ مسترد

Published On 27 October,2021 04:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نالہ متاثرین کی بحالی سے متعلق 25 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ وزیراعلیٰ کا جواب غیرتسلی بخش قرار دیدیا گیا۔

سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردہ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ رپورٹ پر وزیر اعلیٰ کے دستخط تھے اس لئے مرادعلی شاہ کو طلب کیا گیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ نالہ متاثرین کے لئے سندھ حکومت اپنے وسائل سے رقم فراہم کرے۔ وزیر اعلی نے متاثرین کیلئے 10ارب روپے کے بندوبست کی یقین دہانی کرائی تھی۔ دو سالوں میں گھر، پانی، بجلی، روڈ، سیوریج کا انتظام سندھ حکومت نے کرنا ہے۔ سندھ حکومت ہر ماہ رپورٹ بھی پیش کرے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کے ڈی اے، کے ایم سی اور دیگر متعلقہ انتظامی ادارواں کا نظام ناکارہ ہو چکا۔ سندھ میں گریڈ 17 سے 21کے افسران کی کمی کے معاملے پرعدالت نے اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت سے بات کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی حکومت مذکورہ آسامیوں کو جلد پر کرے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تجاوزات کیس تحریری فیصلہ میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی رپورٹ بھی مسترد کردی۔

عدالت نے کراچی بھر کے رفاہی پلاٹوں کی تفصیلات پیش کرنے اور کھیل کے میدان اور پارکس کو فوری اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر سندھ حکومت اور انتظامیہ کو تجاوزات کے خاتمے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ سندھ میں کرپشن انتظامی شکل اختیار کرچکی ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement