اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ظاہر جعفر کی والدہ عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت منظور کرلی، انہیں 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے عصمت ذاکر کو خاتون ہونے کی وجہ سے ضمانت دی، جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ بظاہر ماں کے جرم میں شامل ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ دوسری جانب ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کی درخواست ضمانت خارج کر دی گئی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک سفاک قتل ہے جس کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔
سپریم کورٹ نے حکم میں کہا ہے کہ متعلقہ عدالت نور مقدم قتل کیس کا ٹرائل قانون کے مطابق مکمل کرے۔ ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق فرد جرم عائد ہو چکی ، 8 ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔