لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ افغانستان سے ملحقہ سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی مذموم کوششیں تشویش ناک ہیں۔
پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ لانس نائیک اسد اور سپاہی آصف نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگادیں مگر اپنے فرض پر سمجھوتہ نہیں کیا، قوموں کی آبرو ایسے ہی بہادر سپاہیوں کی وجہ سے قائم رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ملحقہ سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی مذموم کوششیں تشویش ناک ہیں، عالمی برادری نوٹس لے، اپنی سرحدوں کے دفاع میں ہر پاکستانی ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں پارٹی رہنما کے گھر کا دورہ کیا اور پارٹی کارکنان و عہدیداران کے اجلاس کی سربراہی کی۔
اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ یوسی کی سطح تک کارکنان سے ملاقاتیں دراصل دنیا کو یہ باور کرانا بھی ہے کہ پیپلزپارٹی کی اصل طاقت اس کی تنظیم ہے، کارکنان میری اصل طاقت ہیں، جیالے عوام میں میرے نمائندے اور سفیر ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے مشکلات سے دوچار عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لئے ہمیں جدوجہد مزید تیز کرنا ہوگی۔