وفاقی منصوبے گرین لائن کے بعد سندھ حکومت بھی میدان میں آگئی، 250 بسوں کیلئے معاہدہ

Published On 28 October,2021 11:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) خطے میں بدترین پبلک ٹرانسپورٹ کے حامل شہر کراچی کے باسیوں کیلئے خوشی کی خبر۔ وفاقی منصوبے گرین لائن کے بعد سندھ حکومت بھی میدان میں آگئی۔ ڈھائی سو بسوں کیلئے وفاقی ادارے سے معاہدہ کرلیا۔

بلآخر کراچی والوں پر قسمت کی دیوی مہربان، گرین لائن کے لئے بسوں کی آمد کے بعد سندھ حکومت نے بھی 250 نئی ہابرڈ ڈیزل بسیں منگوانے کیلئے این آر ٹی سی کے ساتھ نجی ہوٹل میں معاہدہ کرلیا۔

سندھ انٹرا ڈسٹرکٹ بس پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں کراچی کی سڑکوں پر 50 بسیں فراٹے بھریں گی۔ دوسرے مرحلے میں مزید 190 بسیں کراچی کے 5 روٹس پر چلیں گی جبکہ 10 بسیں لاڑکانہ میں چلائی جائیں گی۔

کراچی میں ماڈل کالونی سے ٹاور، نارتھ کراچی سے انڈس اسپتال، ناگن سے کورنگی سنگر چورنگی، موسمیات سے ڈاکیارڈ، سرجانی سے بیس مسرور تک بسیں چلائی جائیں گی جبکہ لاڑکانہ میں روٹ بس ٹرمینل سے لاڑکانہ جنکشن تک ہوگا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا تھا کے ڈھائی سو بسوں کے بعد مزید 150 بسیں منگوائی جائیں گی۔ ایم ڈی نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن بریگیڈئیر توفیق احمد نے بتایا کہ 31 جنوری 2022 تک بسوں کا پہلا فلیٹ کراچی پہنچ جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 12 سال تک بسوں کی دیکھ بھال این آر ٹی سی کرے گا۔