اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف کا کہنا ہے کہ موثر قومی بیانیے کی تشکیل کیلئے اداروں میں ہم آہنگی لانا ہوگی۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حقائق پر مبنی قومی بیانیے پر یقین رکھتا ہے، بھارت کا پاکستان کے خلاف جعلی خبروں پر مبنی بیانیہ آشکار ہوچکا، 20 سال سے مغرب نے پاکستان کا منفی تشخص پیش کئے رکھا، آج امریکا اور دوسرے ممالک سے جو بھی پاکستان کا دورہ کرتا ہے، اس کا ہمارے ملک سے متعلق نظریہ مثبت ہوتا ہے۔
معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں قومی سطح پر میثاق معیشت اور میثاق سلامتی پر متفق ہونا ہوگا، ہمارا مشرقی ہمسایہ پاکستان کیخلاف جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنائے ہوئے ہے، پاکستان کے بارے میں غلط بیانیہ پھیلایا گیا۔