وزیراعظم کی آج سعودی عرب روانگی،مشرق وسطیٰ گرین اقدام کی تقریب میں شرکت کرینگے

Published On 22 October,2021 04:23 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ 'مشرق وسطیٰ گرین اقدام' کے اجراء کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو تین روزہ دورے کی دعوت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی ہے، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اور کابینہ ارکان پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب جائے گا۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم سربراہ اجلاس میں موسمیاتی تغیر سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز پر بھی بات کریں گے جبکہ وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

عاصم افتخارنے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات، پاکستانی محنت کشوں کے لیے مواقع پر گفتگو ہو گی،دونوں جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ وزیراعظم سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے منعقدہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم سعودی عرب کے بڑے سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی سے ملیں گے جبکہ وزیراعظم کے دورے سے پاک، سعودیہ تعلقات، باہمی تعاون میں مزید وسعت آئے گی۔
 

Advertisement