اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف تحریک سے نمٹنے کیلئے پارٹی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان نے تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت کے اجلاس طلب کر لئے۔
بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب، سندھ، خیبرپختوانخوا اور مرکزی قیادت کے اجلاس آج شام وزیراعظم ہاوس میں ہوں گے جن میں سیاسی اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ پنجاب سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور پارٹی کی صوبائی قیادت شریک ہو گی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ، گورنر، صوبائی وزراء کا اجلاس بھی ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ سے متعلق اجلاس میں گورنر عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل اور سندھ کی پارٹی قیادت بھی شریک ہو گی جس میں صوبے میں پارٹی کو فعال اور منظم کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ اجلاس میں وزراء اور پارٹی قیادت سے مہنگائی میں کمی پر رائے لی جائے گی۔ اجلاس کے شرکا کو ڈینگی وباء سے سے نمٹنے سمیت حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان انتخابی اصلاحات کے حوالے سے معاملات پر مشاورت کریں گے ۔