لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی درخواست کی، جس کی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت جاری کی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پور ا کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی کی منظوری دینے پر وزیراعظم عمران خان کا بھی شکر یہ ادا کر تا ہوں۔
قبل ازیں ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ یورپ پر بریفنگ دی۔ گورنرپنجاب نے بتایا کہ دورہ یورپ کے دوران جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30 یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی۔ برسلز، ہنگری، اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے متعرف ہیں، افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کردار کو یورپ میں سب سراہ رہے ہیں، یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔