کالعدم تنظیم کے رہنما کی رہائی انتظامی نہیں قانونی معاملہ ہے: ترجمان پنجاب حکومت

Published On 29 October,2021 01:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ حالات قابو میں آنے کے بارے میں کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی۔ کالعدم تنظیم کے رہنما کی رہائی انتظامی مسئلہ نہیں، قانونی معاملہ ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب دونوں اس معاملے پر مشترکہ کام کر رہی ہیں۔ ناموس رسالتﷺ کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا جزو ہے۔ ناموسِ رسالت ﷺ پر کسی ایک گروہ یا جماعت کی اجارہ داری ہرگز قبول نہیں۔ راستوں کی بندش اور موبائل سروس معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت حالات کو نارمل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ بات چیت کے لیے ہماری مثبت پیش رفت کے جواب میں ضد اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان قائم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

حسان خاور نے کہا کہ ناموس رسالت مسلمانوں کو آپس میں جوڑنے والا جذبہ ہے۔ اس کے ذریعے قومی وحدت کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت حالات کو نارمل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کی صلح کی پالیسی کو کمزوری سمجھنا غلط ہے، عوام کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ایسے معاملات میں کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر مسائل حل کیے جاتے ہیں۔ اس طرح بات چیت کے لئے سازگار ماحول قائم نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ اس مسئلہ کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر حکومت کی حکمت عملی پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ حکومت کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی کنفیوژن نہیں۔ 

Advertisement