ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ اگلی بار بڑا مینڈیٹ ملا تو صوبے کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اختیارات سرائیکی عوام کے سپرد کیے جائیں۔ جنوبی پنجاب صوبہ خطے کی ضرورت ہے، کوئی سیاسی منظر نامہ تبدیل نہیں ہورہا۔ جنوبی پنجاب صوبہ اس لیے پیچھے رہ گیا کہ سابقہ حکومتوں نے خطے کی عوام کا خیال نہیں رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاکر شجاع آبادی کی وائرل ویڈیو دیکھی تو افسوس ہوا اس لیے خود ان کی عیادت کرنے آیا ہوں۔ شاکر شجاع آبادی کو 5 لاکھ روپے دیے اور پچاس ہزار روپے ماہانہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ شاکر شجاع آبادی اس خطے کی آواز ہیں ان کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔