لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ڈینگی ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، تدارک کیلئے اسپرے اور دیگر اقدامات کر رہے ہیں، امید ہے موسم سرد ہوتے ہی ڈینگی مچھر ختم ہو جائے گا۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بار ڈینگی سے متاثر ہونے پر مرض کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، خواجہ سلمان رفیق نے تو شاید ڈینگی پر پی ایچ ڈی کر رکھی ہے جیسے وہ تجاویز دے رہے ہیں، کورونا صورتحال میں بہتری پر خواجہ سلمان رفیق نے کبھی اپنا موقف نہیں دیا، خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی پر جو پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے اس کے کاغذات مجھے بھیج دیں دیکھ لوں گیؕ۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پیر کے روز سے کورونا ویکسی نیشن لگانے کیلئے ریچ ایوری ڈور مہم شروع کی، 4 دنوں میں مہم کے تحت 25 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی، 12 سال کے عمر کے بچوں کو ویکسی نیشن لگائی جائے گی، کم ازکم ڈیڑھ کروڑ سے 2 کروڑ افراد تک ویکسی نیشن کا ہدف ہے، کورونا ویکسی نیشن کیلئے گھر گھر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام ویکسی نیشن ممکن بنائیں ہم سے تعاون کریں۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ روس میں کورونا وائرس کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی ہے، ماسک پہننا اب بھی بہت ضروری ہے، ویکسی نیشن کرانے کا مطلب ہرگز نہیں کہ مکمل طور پر آپ محفوظ ہوگئے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سماجی فیصلہ رکھیں۔