موجودہ حکمران ناجائز تھے، اب نالائق بھی ثابت ہوگئے:مولانا فضل الرحمان

Published On 31 October,2021 10:06 pm

ڈیرہ غازیخان:(دنیا نیوز)پی ڈی ایم کے جلسہ سے خطاب کرتےہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکمران ناجائز تھے، اب نالائق بھی ثابت ہوگئے،حالات کی بہتری چیلنج ہے اس لئے سب کو مل کر ملک بچانا ہوگا۔

ڈی جی خان میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ 25 جولائی 2018 جمہوری اورپارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، پہلے یہ ناجائز تھےاب یہ نالائق بھی ثابت ہوگئےہیں، آج آپ نے پاکستان کا کیا حشر کر دیا ہے، نوکریاں تو ملی نہیں لاکھوں لوگوں کو بےروزگار کر دیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج ہماراحکمران جہاں جاتاہےبھکاری کی طرح کھڑا ہوتا ہے، گزشتہ حکومت میں جی ڈی پی کی شرح ساڑھے5 فیصدتھی جبکہ کشمیریوں کا خون ہورہا ہے پاکستان سےکوئی آواز نہیں اٹھ رہی،ہم نے کشمیریوں کو تنہا چھوڑدیا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ یہ عمران خان کو دیاگیاایجنڈاتھا، عمران خان کو سی پیک ناکام بنانےکا ایجنڈا دیاگیا، آج چین ہم سے ناراض ہے،یہ ہےہماری خارجہ پالیسی، پورا خطہ معاشی لحاظ سےترقی کررہا ہے اور پاکستان کےساتھ کوئی کاروبار کرنے کو تیار نہیں جبکہ ہم آپ کو پاکستان کیلئے ناسورسمجھتےہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اب ملک کو بچانا ہے، ملکی حالات ٹھیک کرنا ہم سب کیلئے چیلنج ہے، ملکی معیشت مضبوط ہو گی توخارجہ پالیسی مضبوط ہو گی، عمران خان نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کیا، دنیا کا کوئی بھی حکمران عمران خان سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں ، امریکانے اڈےمانگےنہیں اورعمران خان کہتا ہےہم اڈے نہیں دیں گے جبکہ افغانستان میں شکست کےبعدامریکاکوسپرپاورنہیں کہاجاسکتا۔

شہباز شریف

قبل ازیں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ تین سال پہلے ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، تبدیلی سرکار نے بیڑہ غرق کردیا، عمران نیازی کا وقت پورا ہوچکا ہے جبکہ عوام حکمرانوں سے نجات کیلئے گھروں سےنکلیں۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی جانب سے احتجاجی تحریک کے سلسلہ میں ڈیرہ غازی خان میں جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ آج میں ڈی جی خان میں اپنے گھر آیا ہوں، یاد کرو جولائی 2010میں جب پورے جنوبی پنجاب میں میانوالی سے اوچ شریف تک پانی سمندر کی طرح ٹھاٹھیں ماررہاتھا، ہزاروں ایکڑ رقبہ تباہ ہوگیا، ہزاروں گھر پانی میں بہہ گئے، اس وقت میں ڈی جی خان اور جنوبی پنجاب کے چپے چپے میں حاضر ہوتا تھا۔

شہباز شریف نےکہا کہ یہ وہ وقت تھا جب ہر طرف تباہی تھی ، میں یہاں پر خدمت بتانے نہیں آیا، اربوں روپےہم نے غریب لوگوں میں تقسیم کیا ،یہ وہ وقت جب بہت تنگی تھی ، ہم نے جنوبی پنجاب کو دوبارہ آباد کیا تھا جبکہ اس وقت کھاد کی قیمت 1200تھی آج 2400 ہے ،دانش سکول غریب علاقوں میں کس نے بنائے۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام کا اس وقت مہنگائی سے برا حال ہے،ادویات کی قیمتوں میں 400فیصد اضافہ ہوچکا ہے،آج بیروزگاری اور مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے،مہنگائی اور غربت نے عوام کی کمر توڑ دی ہے،کون کہتا تھا ڈالر مہنگا ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔
 

Advertisement