راولپنڈی: (دنیا نیوز) ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف نے طورخم اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا ہے۔ وفد کو پاک، افغان سرحدی انتظام، باڑ کی تنصیب پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا ہے ۔۔ مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف اور رزاق داود بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبکستان کے وفد کو پاک، افغان سرحدی انتظام، باڑ کی تنصیب پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کو سرحد پر غیرقانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے بارڈر ٹرمینل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستانی کاوشوں کو سراہا اور ازبک وفد نے انسداد دہشتگردی، قبائلی اضلاع کی سماجی معاشی ترقی کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبکستان کے وفد نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا بھی دورہ کیا ۔ وفد کو پی ایم اے کے تربیتی امور، کھیلوں کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ پاکستان اور ازبکستان کے مابین دفاعی اور تربیتی تعلقات میں فروغ پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے دوطرفہ فوجی تعاون، تربیتی امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ازبکستان وفد کا کہنا تھا کہ مستقبل کی فوجی قیادت کی اعلی معیار کی تربیت قابل ستائش ہے،اکیڈمی میں بین الاقوامی کیڈٹس کو بہترین تربیتی ماحول کی فراہمی قابل قدر ہے۔