کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مقتول ناظم جوکھیو کے معاملے پر تحقیقات کے لیے صوبائی حکومت کی جے آئی ٹی پر اعتماد نہیں ہے، وفاقی سطح پر جے آئی ٹی بنواﺅنگا۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ ملیر میں مقتول ناظم جوکھیو کے ورثاء سے ملاقات کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ مقتول ناظم جوکھیو کیس کی پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم مسلسل رابطے میں ہیں۔ ناظم جوکھیو کے ورثا کو یقین دلاتاہوں کہ ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ وزیراعظم نے مجھے یہاں بھیجا ہے تاکہ تفصیلات حاصل کرکے وزیر اعظم کو آگاہ کروں۔ ناظم جوکھیوکے ورثاء کو ہر قسم کا تعاون فراہم کریں گے۔ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے بھی بات کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ناظم جوکھیو کو بے دردی سے مارا گیا اور ورثاءکو دھمکیاں بھی مل رہی ہیں تاحال اصل قاتلوں کےنام مقدمہ میں شامل نہیں کئےگئے، یہاں پرجنگل کا قانون چلنے نہیں دیں گے۔ صوبائی حکومت کی جے آئی ٹی پر اعتماد نہیں ہےاس ضمن میں وزیراعظم سے کہہ کر وفاقی سطح پر جے آئی ٹی بنواﺅنگا۔
ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل نے کہا کہ افسوس کہ سندھ اسمبلی میں کئی ایسے لوگ ہیں جن پر کرمنل کیسز ہیں، وزیراعلی ایسے ممبران کا ٹرائل کریں۔ دیکھنا ہے کہ وزیراعلی کب ایسے مظلوموں کا سہارا بنتے ہیں۔