آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

Published On 10 November,2021 10:48 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں افغان صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے راولپنڈی کے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور افغان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا جبکہ ہر سطح پر پاکستان کیساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کے لیے عالمی برادری مدد کرے۔ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں برطانوی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں۔