لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے نیا دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس فیصل زمان خان پر مشتمل نیا دو رکنی بینچ تشکیل دیا۔ بینچ 15 نومبر سے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ اس سے قبل جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کی درخواستیں سماعت کیلئے پیش کی گئیں تو بنچ کے سربراہ جسٹس شاہد وحید نے ذاتی وجوہات کی بنا پر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی اور یہ معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا تھا۔
جمشید اقبال چیمہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ نے ٹربیونل کے فیصلہ کے ساتھ ساتھ این اے 133میں ووٹرز کی فہرستیں درست مرتب نہ کرنے پر ضمنی الیکشن کا شیڈول بھی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔