لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نظرانداز کیے جانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ پنجاب حکومت سے ناراض ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کیساتھ ناراضگی کے بعد وفاق کی جانب سے چودھری برادران سے رابطہ کیے جانے کاامکان ہے، وفاق نے اہم شخصیت کو چودھریوں سے رابطے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کی قیادت نے پہلے روز کےاجلاس میں صرف پنجاب کے بارے میں تحفظات کااظہار کیا، وفا ق کا نمائندہ جلد چودھری برادران سے رابطہ کرے گا، وفاق کانمائندہ چودھریوں سے استفسار کرے گا اسے پنجاب حکومت سے کیا شکایات ہیں،
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کی قیادت ہفتے کو ہونے والے اجلاس میں بھی صورتحال کاجائزہ لے گی، مسلم لیگ ق نے ابھی تک وفاقی حکومت کے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ مسلم لیگ ق کی قیادت پنجاب میں معاملات نہ سلجھنے کی صورت میں تمام سیاسی آپشنز کاجائزہ لے گی۔
اس سے قبل مسلم لیگ ق کا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پارٹی کو درپیش خدشات کے حوالے سے کھل کر تفصیلی بحث کی گئی، پنجاب حکومت کے حوالےسے پارٹی رہنماوں کی شکایات کابھی جائزہ لیا گیا۔ حکومت پنجاب کے رویے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی حکومت کے بارے میں مختلف شکایات سامنے آئیں۔
پنجاب میں اتحادی قیادت اور ق لیگ کے وزرا کو اہم معاملات میں نظر انداز کیے جانے کاانکشاف ہوا ہے، تمام حکومتی فیصلوں پر مشاورت صرف پی ٹی آئی کی سطح تک محدود رکھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسلم لیگ ق کو فیصلہ سازی کے کسی اجلاس میں نہیں بلایاجاتا، بطور اتحادی بھی پنجاب میں انتظامی نوعیت کے اقدامات میں بھی مسلم لیگ ق کو نظرانداز کیا جارہاہے، عدم مشاورت کی حکومتی پالیسی پر مسلم لیگ ق کو شدید تحفظات ہیں۔