چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت چینی کی قیمت، کھاد کی مصنوعی قلت سے متعلق جائزہ اجلاس

Published On 14 November,2021 11:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت اجلاس میں کھاد کی مصنوعی قلت اور چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مختلف شہروں میں چھاپوں کے دوران ذخیرہ کی گئی 36ہزار 200 بوری کھاد برآمد کی گئی۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ضبط شدہ کھاد کی مقررہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے، ڈیلرز کھاد ذخیرہ کر کے مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں، مارکیٹ میں کھاد کی رسد بڑھنے سے قیمت خود بخود کم ہو گی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے ساتھ طلب اور رسد پر کڑی نظر رکھی جائے، کھادکے گوداموں کی چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
 

Advertisement