حکمران قانون سازی کی نہیں، گھر جانے کی تیاری فرمائیں: مریم اورنگزیب

Published On 14 November,2021 12:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب اتحادی اور اپنے اراکین نے عدم اعتماد کردیا ہے تو حکومت کو سیاسی نظام کی کامیابی یاد آگئی، حکمران قانون سازی کی نہیں گھر جانے کی تیاری فرمائیں۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نےکہاکہ ہر قومی ایجنڈے کو متنازعہ عمران خان نے بنایا ہے، عمران صاحب کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات چاہتی ہیں، آپ صرف الیکشن چوری چاہتےہیں ، ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ کے مطابق عمران صاحب الیکشن چور ہیں، ڈسکہ الیکشن رپورٹ کے بعد آپ کی الیکشن کی شفافیت اور اور الیکشن اصلاحات کا پورے پاکستان کو پتہ چل گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جب نمبر پورے نہیں ہوئے تو تمام سیاسی جماعتیں یاد آگئیں ، ووٹ چوری کے عمران صاحب کے ایجنڈے کو قومی ایجنڈا کہنا دھوکہ، فراڈ اور کذب بیانی کی انتہا ہے، عوام کو آپ کا انتخابی ایجنڈا نہیں، عمران صاحب کا استعفی چاہئے۔