اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت دیگر قانون سازی میری ذات کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہے، اتحادی جماعتوں کا قانون سازی میں ساتھ دینے پر مشکور ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان ایوان سے حکومتی ارکان کی لابی میں گئے اور حکومتی ارکان سے گفتگو کی جبکہ وزیراعظم نے اتحادی اور حکومتی خواتین ارکان سے ملاقات بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات سمیت دیگر بلوں کی منظوری پر مبارکباد دی اور فنکشنل لیگ کی رہنما سائرہ بانو سے بھی ملاقات کی اور فنکشنل لیگ کے ارکان اسمبلی اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
فنکشنل لیگ کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے بھی وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے مفاد میں کی گئی قانون سازی میں پہلے بھی ساتھ تھے اور آئندہ بھی ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ قانون سازی میری ذات کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہے، اتحادی جماعتوں کا قانون سازی میں ساتھ دینے پر مشکور ہوں، آج صاف و شفاف انتخابات کی بنیاد رکھنے میں آپ سب نے اہم کردار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کا مستقبل شفاف جمہوریت سے جڑا، اس قانون سازی میں ذاتی مقاصد نہیں
عمران خان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، اب سمندرپار پاکستانیوں بھی انتخابی عمل کا حصہ بن سکیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم قانون سازی پر بات چیت جبکہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج پیش ہونے والے بلز کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل شفاف جمہوریت سے جڑا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اس قانون سازی میں میرے کوئی ذاتی مقاصد نہیں۔ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کی بنیاد رکھنے میں آپ کا کردار ہوگا، سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیئے، ارکان پارلیمنٹ کے مسائل سے آگاہ ہوں، انشاء اللہ جلد سب کی شکایتیں دور ہونگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1970 کے بعد تمام انتخابات پر اعتراض کئے گئے، چاہتے ہیں ایسا نظام بنائیں کہ تمام جماعتیں امیدوار نتائج کو تسلیم کریں، انتخابی اصلاحات ذات یا پارٹی کے لئے نہیں ملک اور جمہوریت کے لئے ہے، ای وی ایم اور اورسیز ووٹرز کو حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوگی، نمبرز پورے ہیں، کامیابی ہمیں ملے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ارکان ایوان میں حاضری یقینی بنائیں۔