اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اقلیت کے باوجود سینیٹ سے تین بل منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی۔ نیب ترمیمی آرڈیننس، جرنلسٹ پروٹیکشن بل اور ایچ ای سی ترمیمی بل پاس کرا لئے۔ منظوری کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔
وفاقی وزیر فروغ نسیم نے سینیٹ میں نیب ترمیمی بل بطور ضمنی ایجنڈا پیش کیا۔ بل کے حق میں 38 اور مخالفت میں 28 ووٹ پڑے۔ سینیٹ نے ایچ ای سی ترمیمی بل بھی منظور کیا۔ بل پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 34 اور مخالفت میں 28 ووٹ پڑے۔
اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کیا۔ حکومتی ارکان نے ووٹ کو عزت دو اور عمران خان زندہ باد جبکہ اپویشن کی جانب سے ربر اسٹیمپ پارلیمنٹ نا منظور کے نعرے لگائے۔ احتجاج کے دوران سینیٹ کی سیکیورٹی چئیرمین سینیٹ کے ڈائس کے پاس پہنچ گئی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جب ہاؤس میں اپنے نمبرز پورے نہیں کرسکتی تو کرسی پر انگلی اٹھاتی ہے۔
فروغ نسیم نے سینیٹ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاس کیے گئے بل کسی ایک شخص کیلئے نہیں تھے، 2012 سے سینیٹر ہوں، ان کے متعدد بلز کمیٹی میں گئے، بغیر پاس ہوئے۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ قوم نے آج دیکھ لیا ووٹ کی عزت کے نعرے لگانے والے اس کے خلاف کھڑے ہیں، مجلس شوریٰ کے اجلاس میں عوامی مفاد کے حق میں قانون سازی ہوئی، چھوئی موئی اپوزیشن ڈیل اور این آر او چاہتے تھے۔