اپوزیشن کو ایک بار پھر کہتا ہوں عدالت کے بجائے اسپیکر آفس آئے: فواد چودھری

Published On 18 November,2021 10:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ایک بار پھر کہتا ہوں عدالت کے بجائے اسپیکر آفس آئے، اصلاحات کیلئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم کے نظام کو پہلے سمجھیں، تمام خدشات دور کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر پیچھے نہیں ہٹ سکتے، یہ ہمارا انتخابی وعدہ تھا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شریف زرداری فیملی سیاست قصہ پارینہ ہے، اب اپوزیشن میں بھی نئے کھلاڑیوں کی باری ہے، اگلے دو سال پاکستان کی تاریخ کے اگلے دو عشروں کی سیاست طے کریں گے، 1990 کی دہائی کی سیاست کا مکمل اختتام اگلے دو سالوں میں طے ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ کل کی کامیاب قانون سازی کے بعد اپوزیشن کی کمر ٹوٹ چکی، آج سے پاکستان میں ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے، الیکشن کے طور طریقے بدلنے لگیں گے، اب الیکشن غنڈا گردی اور چالاکی سے نہیں بلکہ عوام سے رابطے پر لڑا جائے گا، اوورسیز پاکستانی کا اصل مقام اسے واپس مل گیا، عمران خان نے تاریخ رقم کر دی۔
 

Advertisement