ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے کا چالان کرنے کا حکم

Published On 19 November,2021 06:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ دیتے ہوئے ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے کا چالان کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کی روک تھام کےاقدامات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران شہر کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے عدالت کو بتایا کہ 15 پر زیادہ کالز مظاہروں کی وجہ سے ٹریفک جام کی آتی ہیں۔

سی ٹی او نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ایک سال کے دوران لاہور میں 7 بڑے جلسوں سمیت 2 ہزار 43 مظاہرے اور مختلف واقعات ہوئے جو ٹریفک جام کا سبب بنے، وہ ٹیپا اور ایل ڈی اے کے ساتھ کام کرتے ہوئے تجاوزات بھی ہٹاتے ہیں۔

اس دوران عدالت نے کہا آپ اچھے کام کر رہے ہیں، خطرہ ہے کہ کہیں آپ کا تبادلہ نہ ہو جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے چیف ٹریفک آفیسر کا تبادلہ نہ کرنے اور روڈ مینجمنٹ پلان بنانے کا حکم دیتے ہوئے ون وے کی خلاف ورزی پر 2،2 ہزار روپےکے چالان کریں اس کا حکم ہم جاری کریں گے۔