اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے میں بلدیاتی نظام کے قانونی معاملات کو مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا کہ نئے بلدیاتی مسودہ قانون کی منظوری کے تمام مراحل جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران نے نئے بلدیاتی نظام کی پنجاب کابینہ سے منظوری اور اسمبلی کے ایوان سے منظوری کے مراحل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، اس ضمن میں پنجاب کے وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کر کے مسودہ قانون مرتب کیا گیا، نئے مسودہ قانون میں پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کی تجویز ہے۔
محمود الرشید کا کہنا تھا کہ میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین کے لئے امیدوار جماعتی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے، نیبر ہڈ کونسل اور ویلیج کونسل کے انتخابات بھی جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، میئر اپنی ڈسٹرکٹ کابنیہ تشکیل دے گا، کابنیہ میں دو خواتین ارکان کو رکھنا لازم ہوگا، مئیر کو براہ راست لوکل گورنمنٹ کے علاوہ مختلف محکموں کی سربراہی تجویز کی گئی ہے۔