'آلودگی سے بچنے کیلئے پائیدار ماحولیاتی تحفظ کا منصوبہ وقت کی ضرورت ہے'

Published On 23 November,2021 11:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ آلودگی سے بچنے کیلئے پائیدار ماحولیاتی تحفظ کا منصوبہ وقت کی ضرورت ہے، متعلقہ محکمے آلودگی سے بچنے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی وضع کریں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت آلودگی سے متعلق اجلاس ہوا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے منشور کے مطابق صاف اور آلودگی سے پاک پاکستان اولین ترجیح ہے، بڑے پیمانے پر شجرکاری سے شہروں کو سرسبز بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں فضائی آلودگی کا زور برقرار ہے۔ لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور پر 306 پر پہنچ گیا، شہری آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔

کوٹ لکھپت میں سب سے زیادہ 463 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ گلبرگ میں 419، ماڈل ٹاون میں 380، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 345، ایف سی میں 316 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔ علامہ اقبال ٹاون میں 320، پنجاب یونیورسٹی میں 320، ایڈن کاٹیجز میں 395 اور انارکلی بازار میں اے کیو آئی 317 تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمات کے مطابق شہرمیں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری تک جانے امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 

Advertisement