لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے منڈی بہاوالدین کے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو صارف عدالت کی جانب سے تین ماہ کی سزا کو معطل کرتے ہوئے کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
چیف جسٹس امیر بھٹی نے ڈپٹی کمشنر طارق بسرا اور اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ کی اپیلوں پر سماعت کی۔ دونوں افسران کو صارف عدالت کی جناب سے توہین آمیز رویہ اپنانے پر سزا دی گئی تھی، جس پر دونوں افسران نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔
سماعت کے دوران دونوں افسروں کے وکیل اور صدر لاہور ہائیکورٹ بار مقصود بٹر نے بتایا کہ صارف عدالت کا سزا کا فیصلہ قانون کے منافی ہے۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ اگر کسی عدالت کے پاس اختیار نہیں تو اپیل کنندہ اس کے دائرہ اختیار کو مجاز فورم پر چیلنج کر سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے آئندہ سماعت متعلقہ تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔
صارف عدالت کے جج نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو توہین عدالت کے کیس میں تین ماہ کے لیے گجرات جیل منتقل کرنے کے احکامات دیئے تھے۔